نئی دہلی۔ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا مسئلہ ایک بار پھر گرم ہو گیا
ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے بی جے پی لیڈر ونے کٹیار کے
سر میں سر ملایا ہے۔ سوامی کا کہنا ہے کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں
پارٹی منشور میں رام مندر کی تعمیر کی بات کہی گئی تھی، ہم اس سے بھاگ نہیں
سکتے ۔ ہمیں یہ وعدہ پورا کرنا ہوگا۔
سوامی کے مطابق، اب وقت آ گیا ہے کہ اس مسئلے سے مرکزی حکومت نہ بھاگے بلکہ
ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا راستہ ہموار کیا جائے۔ اس سے پہلے
ونے
کٹیار نے بھی اپنی ہی حکومت پر طنز کسا تھا۔ انہوں نے ایودھیا میں بننے
والے رامائن میوزیم کو لالی پاپ بتایا تھا۔ کٹیار کا کہنا تھا کہ رام جنم
بھومی تحریک کے لئے شہادت دینے والوں کے لواحقین پوچھتے ہیں کہ رام مندر کب
بنے گا؟ دراصل، منگل کو مرکزی وزیر مہیش شرما رامائن میوزیم کے لئے زمین دیکھنے
ایودھیا پہنچے تھے۔ اشاروں میں اسی میوزیم کو بی جے پی لیڈر ونے کٹیار نے
لالی پاپ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کے لئے کوشش ہونی چاہئے،
اس لالی پاپ سے کچھ نہیں ہونے والا۔